ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی
ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی پر سوشل میڈیا صارفین کے مبارکباد کے پیغامات
پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے دو معروف سٹارز، اداکارہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں نے انھیں مبارکباد کے پیغامات بھیجنا شروع کر دیے ہیں۔
زندگی کے اس نئے سفر کا آغاز کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے محبت بھرے پیغامات میں شادی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے نو بیاہتے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
70 برس کی ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنا شروع کیا۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں اکڑ بکڑ، الف نون، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، آنگن، گل رانا اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا۔
دوسری طرف 70 سالہ منظر صہبائی اپنے کیریئر میں ماہ میر، بول اور زندہ بھاگ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ حال ہی میں ڈرامہ ’الف‘ میں منظر صہبائی کی اداکاری کو بھی خوب پذیرائی ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹوئٹر پر عروج منیر نے لکھا: ایک نئی شروعات کے لیے کبھی دیر نہیں ہوتی۔ محبت کی کوئی عمر نہیں۔ مجھے یہ دونوں بہت پیارے لگے۔ دونوں کو مبارکباد۔

اسرار اعوان نے لکھا: ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے کچھ بہت اچھا کیا ہے۔ انھوں نے اپنی باقی زندگی اکیلے نہ رہنے کا انتخاب کیا ہے۔
صحافی انعم حمید نے لکھا: زندگی میں ایک نئی شروعات کے لیے کبھی دیر نہیں ہوتی۔
صحافی انیلہ خالد نے لکھا کہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے ایک ایسے معاشرے میں مثال قائم کی ہے جہاں جلدی شادی کو ہی واحد آپشن سمجھا جاتا ہے۔

افراسیاب خان نے لکھا:عمر آپ کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتی۔ ثمینہ احمد بہادر ہیں اور وہ تمام خوشیوں کی حقدار ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بشریٰ گوہر نے بھی اپنے پیغام میں اس جوڑے کو شادی کی مبارکباد دی لیکن کچھ سیاسی دل جلوں نے اپنے دل کی بھراس بھی نکالی۔
شیر دل نامی ایک صارف نے لکھا: وہ تمام لوگ جو ثمینہ احمد اور صہبائی کو مبارکباد دے رہے ہیں انھوں نے کبھی عمران خان کی 65 برس کی عمر میں تیسری شادی پر تنقید کی تھی۔

یاد رہے کہ بی بی سی کے معروف براڈ کاسٹر یاور عباس نے بھی گزشتہ ماہ لندن میں مصنفہ اور ڈائریکٹر نور ظہیر سے شادی کی ہے۔ یاور عباس اس سال ستمبر میں اپنی 100ویں سالگرہ منائیں گے۔
Comments
Post a Comment