وزیراعظم عمران خان کا ہفتے سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان
وزیراعظم عمران خان کا ہفتے سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان
وزیراعظم عمران خان نے ہفتے سے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کردیا۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے 13 مارچ کو لاک ڈاؤن نافذ کیا اور عوامی مقامات کو بند کیا لیکن مجھے پہلے دن سے یہی خوف تھا کہ ہمارے حالات یورپ، چین سے مختلف ہیں اور ہم نے جو لاک ڈاؤن کرنا ہے وہ مختلف ہوگا کیونکہ یہاں یومیہ اجرت پر کام کرنے والا دار طبقہ ہے اور ہمیں خدشہ تھا کہ اگر سب بند کردیا تو ان لوگوں کا کیا بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا میں حالات کو دیکھ رہے تھے کہ یہ کیسے پھیل رہا ہے، دنیا کے ممالک میں روزانہ ہزار لوگ مر رہے تھے اور ہم نے اس سب کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ سینٹر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اس کمانڈ سینٹر کا سربراہ اسد عمر کو بنایا، یہ لوگ روزانہ تمام صوبوں سے رابطہ کرتے ہیں اور ڈاکٹرز سے تجاویز لے کر اس کا جائزہ لیتے ہیں اور فیصلہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان میں کورونا وائرس کی وہ لہر نہیں آئی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے اگلے مرحلے میں ہماری کامیابی میں پاکستانیوں کا بہت بڑا ہاتھ ہوگا، اگر اس وقت ہم ایک قوم بن کر خود احتیاط کریں اور منظم طریقے سے ایس او پیز پر عمل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارا پبلک ٹرانسپورٹ کے معاملے پر مکمل طور پر اتفاق نہیں ہے، میرے خیال سے اسے کھلنا چاہیے کیونکہ یہ ایک عام آدمی استعمال کرتا ہے اور اس سے غریب کو فائدہ ہوتا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ ابھی صوبوں کو خدشات ہیں اور ابھی کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جس سے صوبوں کو مسئلہ ہو لہٰذا وہ خود اس حوالے سے ایس او پیز تیار کریں۔
قبل ازیں ریڈیو پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی ) کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے ہونے والے مشکلات میں کمی کے لیے چھوٹے کاروبار اور تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی سفارشات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور اعلیٰ حکام اجلاس نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
اب تک ملک میں مجموعی طور پر 24 ہزار 146 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 559 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
Comments
Post a Comment